حلقہ131 میں خواجہ سعدرفیق اور عمران خان کا انتخابی معرکہ

لاہور:(احمدہما علی سے)

لاہور۔۲۵ جولائی ۲۰۱۸ کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان سمیت عالمی سیاسی ومعاشی قوتوں کی نظریں یقینی طور پرحلقہ این اے ۱۳۱ میں عمران خان بمقابلہ خواجہ سعد رفیق پر لگی ہوئی ہیں۔کیونکہ اسی حلقے سے (نیا پاکستان،تبدیلی آچکی ہے اور کرپشن سے نجات)جیسے نعرے لگانے والے عمران خان کی سیاسی بقا کا فیصلہ ہونا ہے۔نئی حلقہ بندی کے مطابق آرے بازار،نشاط کالونی،کیولری گراونڈء،محمدپورہ،والٹن روڈ،پی،اے ایف،باب پاکستان،ڈی ایچ اے،وائے بلاک،خیابان اقبال،غازی روڈ،کماہاں،رنگ روڈ، بیدیاں روڈ،ایئرپورٹ اور گرجا چوک حلقہ این اے ۱۳۱ میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ ۲۰۱۳ میں کہلائے جانے والے حلقہ این اے ۱۲۵ کے متعدد علاقے درج بالا تفصیل میں موجود ہیں۔گذشتہ الیکشن میں خواجہ سعد رفیق نے زیادہ تر انہی علاقوں سے متوسط اور غریب ووٹرز کی بنیاد پر پی ٹی آئی کے حامد خان کو ۸۴ہزار ووٹوں کے مقابلے میں ۱۲۳۰۰۰ہزار ووٹ حاصل کر کے تقریبا۳۹۰۰۰ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی۔موجودہ حلقہ این اے ۱۳۱ میں پاکستان الیکشن کمیشن کے مطابق آبادی۷۷۲۱۸۲ہے جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد۱۹۸۶۹۹،اور خواتین کی تعداد۱۶۵۵۱۴،ہے۔حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد۳۶۴۲۱۳،ہے جس کے لیے ۲۴۲ پولنگ اسٹیشن کا انتظام کیا گیا ہے۔حلقہ ۱۳۱ میں آباد مختلف برادریاں،جن میں آراہیں،گجر،شیخ اور کشمیری نمایاں ہیں ،الیکشن میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔عمران خان اور خواجہ سعد رفیق کے حوالے مشہور انتخابی حلقے میں ۴ آزاد امیدوار اور پاکستان برابری پارٹی کے سربراہ معروف گلوکار جواد احمد بھی مقابلے میں شریک ہیں۔